سندھ حکومت کراچی ترقیاتی پیکیج کی راہ میں روڑے اٹکا رہی، شبلی فراز

سندھ حکومت کراچی ترقیاتی پیکیج کی راہ میں روڑے اٹکا رہی، شبلی فراز


 کراچی: وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی ترقیاتی پیکیج اور جزائر کی ترقی کی راہ میں روڑے اٹکا رہی ہے حالا نکہ یہ منصوبے کراچی اور سندھ کے لیے ہیں۔

جمعہ کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم سے کوئی لینا دینا نہیں، یہ صرف ذاتی مفاد کے لیے ڈرامہ رچا رہی ہے، ان کی سمت مختلف ہے اس لیے ان کی منزل ایک نہیں ہوسکتی، پی ڈی ایم کو عوام کی پذیرائی نہیں مل رہی، کراچی کے عوام نے ماضی کی پارٹیوں سے تنگ آ کر پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، وفاقی حکومت نے کراچی کے لیے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا تاہم صوبائی حکومت اس میں روڑے اٹکا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا اقتصادی مرکز اور سرکا تاج ہے، ماضی کی حکومتوں نے اسٹیل ملز سمیت ملکی اداروں کو سیاسی بھرتیوں سے تباہ کیا، سندھ میں اب بھی وہ لوگ کلیدی عہدوں پر فائز ہیں جو کرپشن کیسز میں سزا یافتہ ہیں، پی ڈی ایم کی پوری کوشش تھی کہ وزیراعظم پر دباؤ ڈال کر کرپشن کیسز بند کرائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مردم شماری ہمارے دور میں نہیں ہوئی، سندھ میں پیدا ہونے والی گیس کا بڑا حصہ سندھ میں ہی استعمال ہوتا ہے، سندھ میں 1700 ملین کیوبک فٹ گیس پیدا ہوتی ہے، اس کا 90 فیصد حصہ سندھ میں ہی استعمال ہوتا ہے جبکہ 111 ملین کیوبک فٹ گیس سندھ سے باہر جاتی ہے جو آٹے میں نمک کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کووڈ 19 کے حوالے سے سندھ حکومت کا کردار سب کے سامنے ہے جس نے لاک ڈاؤن کرکے معاشی بحران پیدا کیا، سندھ کے عوام کے نام پر ووٹ لینے والوں نے لاڑکانہ کو کھنڈر بنا دیا جہاں سڑکیں ہیں نہ گلیاں اور نہ ہی سیوریج کا نظام، سندھ حکومت نے اپنے حصہ کی گندم جاری نہ کرکے آٹے کا بحران پیدا کیا، بنڈل آئی لینڈ کی ترقی سے سب سے زیادہ فائدہ کراچی اور سندھ کے عوام کو ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ سے ثابت ہوا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے ناجائز جائیدادیں بنائیں، ایسے لوگ جو چوری کا اعتراف کر چکے ہوں وہ اب دوبارہ برسر اقتدار آنے کے مستحق نہیں، یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے بندر کو پنیر کی رکھوالی پر رکھ لیا جائے، ہم سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ نہیں ہونے دیں گے اسی لیے نیا قانون لایا گیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملز سیاسی بھرتیوں سے کنگال ہوئی، ہم اسٹیل ملز کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کریں گے، ہماری پارٹی سندھ میں متحرک ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کا یہ تاثر کہ صرف وہی سندھ کی جماعت ہے درست نہیں، درحقیقت پیپلز پارٹی نے ہی سندھ کو زیادہ نقصان پہنچایا، 18ویں ترمیم کا مقصد یہ تھا کہ صوبوں کا اپنے وسائل پر کنٹرول ہو۔

جزائر کے سوال پر انہوں ںے کہا کہ حکومت سندھ بنڈل آئی لینڈ اور کراچی ترقیاتی پیکیج کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے حالا نکہ یہ منصوبے کراچی اور سندھ کے لیے ہیں، اس منصوبہ سے سندھ میں غیرملکی سرمایہ کاری آئے گی۔

ایک اور سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل عالمی سطح پر پٹرولیم کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے ہوتا ہے۔

The post سندھ حکومت کراچی ترقیاتی پیکیج کی راہ میں روڑے اٹکا رہی، شبلی فراز appeared first on ایکسپریس اردو.



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *